صدر مملکت سے انڈونیشیا کے سبکدوش سفیر آدم ملاورمن ٹوگیو کی ملاقات

Published On 08 November,2023 07:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے انڈونیشیا کے سبکدوش سفیر آدم ملاورمن ٹوگیو نے ملاقات کی۔

صدر مملکت عارف علوی نے انڈونیشیا کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی، ثقافتی اور سیاسی تعلقات مزید فروغ دینے پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون بڑھانا پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا اہم عنصر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے خدشات دور کئے جائیں: صدر مملکت کا نگران وزیراعظم کو خط

انہوں نے کہا کہ پاکستان تجارت، ثقافت، سیاحت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے، انڈونیشیا کے تاجر پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔

عارف علوی نے کہا کہ سرمایہ کاری دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں، پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید بہتر بنانے کیلئے باہمی سیاسی اور ثقافتی تبادلوں میں اضافہ ناگزیر ہے۔

اس موقع پر انڈونیشین سفیر نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کو دوطرفہ تعلقات مزید فروغ دینے کیلئے تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کو متنوع بنانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے: صدر مملکت

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں کھولنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں جو دونوں برادر ممالک کو مزید قریب لائے گا، انڈونیشین سفیر نے کہا کہ پاکستانی طلباء انڈونیشیا میں تعلیمی وظائف حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں۔

عارف علوی نے کہا کہ امید ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں ترقی کی رفتار برقرار رہے گی، صدر مملکت نے سفیر کے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔