پاکستان میں 5 لوگ تمام وسائل اور اختیارات پر قبضہ کیے بیٹھے ہیں: مصطفیٰ کمال

Published On 13 November,2023 01:24 am

کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان کا مسئلہ یہ ہے کہ سارے وسائل اور اختیارات صرف 5 لوگوں کے پاس ہیں، ایک وزیر اعظم اور 4 وزرائے اعلیٰ سارے وسائل اور اختیارات پر قبضہ کیے بیٹھے ہیں، یہ پانچ لوگ تمام وسائل اور اختیارات گلی محلوں شہروں اور قصبوں دیہاتوں میں نہیں پہنچا رہے ہیں۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آج کا اجتماع کوئی عوامی جلسہ نہیں ہے اور نہ ہی یہاں دیگر علاقوں کے عوام کو بلایا گیا ہے، آج صرف لانڈھی ٹاؤن میں لانڈھی کی سطح پر ایک عوامی رابطہ مہم رکھی گئی تھی، آج کی یہ کارنر میٹنگ ایک جلسہ کی شکل اختیار کر گئی ہے، یہ اجتماع آنے والے دنوں میں کامیابی کی نوید سنا رہا ہے، ہمارا کام یہ ہے کہ ہم کو یہ وسائل اور اختیارات عام عوام تک پہنچانے ہیں۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ ہمیں سمجھنا ہو گا کہ ایسا کیوں ہونا چاہیے اور نیچے تک اختیارات کیوں منتقل ہونے چاہئیں، آج ہم تمام مسائل کے حل کیلئے وزیر اعلیٰ کی طرف دیکھتے ہیں، آج وزیر اعلیٰ عام آدمی کی دسترس سے دور ہے، عام آدمی اپنے مسائل کے حل کیلئے وزیر اعلیٰ تک نہیں پہنچ سکتا، میرے گھر پینے کا پانی آ نہیں رہا اور سیوریج کے پانی کا نکاس ہو نہیں رہا۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ مجھے میرے تمام اختیارات اپنے گلی محلے میں چاہئیں، مجھے یہ تمام اختیارات میرے گلی کے کونسلر اور یوسی ناظم کے ہاتھ میں چاہئیں، جہاں میرا بچہ تعلیم حاصل کرے وہاں یو سی ناظم کا بچہ بھی تعلیم حاصل کرے، میرے کچرا اٹھانے کا اختیار، میرے سڑکوں کی تعمیر کا اختیار میرے یو سی ناظم کو ملنا چاہیے، میری پولیس یوسی ناظم کے ماتحت ہونی چاہیے۔