راولپنڈی: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے 9 مئی کے واقعات کی ایف آئی آر کیخلاف شیخ رشید کی رٹ پٹیشن پر اعتراضات ختم کرتے ہوئے نمبر لگا کر درخواست فکس کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس چودھری عبدالعزیز نے شیخ رشید کی رٹ پٹیشن پر اعتراضات ختم کئے، رجسٹرار آفس کی جانب سے شیخ رشید کی رٹ پٹیشن پر ڈاکومنٹس کی کمی کے اعتراضات عائد کئے گئے تھے۔
درخواست میں سابق وزیر داخلہ کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کی درج ایف آئی آرز میں نامزد ملزمان میں نام شامل نہیں، اب 7 ماہ کی تاخیر سے مجھے ان مقدمات میں ملوث کیا گیا۔
درخواست گزار کی جانب سے 9 مئی واقعات کی ایف آئی آر سے نام کے اخراج کی استدعا کی گئی ہے۔
شیخ رشید نے اپنی لیگل ٹیم کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ سے رجوع کیا ہے، درخواست میں آئی جی پنجاب، سی پی او راولپنڈی سمیت دیگر اہم افراد کو فریق بنایا گیا ہے۔