ڈیرہ اسماعیل خان: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں نجی آئل اینڈ گیس کمپنی کے کیمپ آفس پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں ایک شخص جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال فیضی نے ایک شہری کے جاں بحق ہونے اور دیگر کے زخمی ہونے سے متعلق تصدیق کی، انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ درہ زندہ علاقے میں پیش آیا۔
بلال فیضی نے بتایا کہ زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے ڈیرہ اسماعیل خان کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور سرچ آپریشن شروع کر دیا۔