پشاور: (دنیا نیوز) جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ نے بطور نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
گورنر ہاؤس پشاور میں ہونے والی تقریب میں گورنر خیبر پختونخوا غلام علی نے جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ سے ان کے عہدے کا حلف لیا، تقریب حلف برداری میں چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان کی وفات کے بعد آئینی تقاضے پورے کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کو نئے نگران وزیر اعلیٰ کی تقرری کیلئے مشاورت کی خاطر خط لکھا تھا۔
اتوار کی صبح ہونے والی ملاقات میں سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کے درمیان مشاورت کے عمل کا آغاز ہوا اور پہلی ملاقات میں ہی جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کے نام پر اتفاق ہو گیا۔
اس کے بعد سمری گورنر ہاؤس بھیج دی گئی، سمری موصول ہونے پر گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے اس پر دستخط کر دیے اور یوں یہ آئینی معاملہ خوش اسلوبی سے طے پا گیا۔
جسٹس ریٹارڈ ارشد حسین شاہ کے کیریئر پر ایک نظر
جسٹس ریٹارڈ ارشد حسین شاہ کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے، انہوں نے و کالت کا آغاز ایبٹ آباد بار سے کیا، جسٹس ریٹارڈ ارشد حسین شاہ صوبہ خیبر پختونخوا کے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل اور پاکستان کے ڈپٹی اٹارنی جنرل کے عہدے پر بھی تعینات رہ چکے ہیں۔
جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ چیف جسٹس سپریم ایپلیٹ کورٹ گلگت بلتستان بھی رہے، انہوں نے سابق نگران وزیر اعلیٰ اعظم خان کی نگران کابینہ میں بطور وزیر قانون بھی خدمات سر انجام دیں۔