لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں 9 ماڈل زرعی سنٹرز کے قیام کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا جس کے پیش نظر نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے حتمی پلان طلب کر لیا۔
نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں ماڈل زرعی سنٹرز کے قیام کے امور کا جائزہ لیا گیا، اجلاس کے شرکاء کو اوکاڑہ کے نواحی گاؤں میں قائم ماڈل زرعی سنٹر کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
صوبائی وزیر صنعت وزراعت ایس ایم تنویر، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری زراعت اور زرعی ماہرین نے وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں شرکت کی۔
ڈویژنل سطح پر ماڈل زرعی سنٹرز میں کاشتکاروں کو تمام سہولتیں ایک چھت تلے میسر ہوں گی، ماڈل زرعی سنٹرز میں کسان کو بیج، کھاد، پیسٹی سائیڈ، زرعی مشینری و آلات فراہم کیے جائیں گے۔
ماڈل زرعی سنٹرز میں پھل و سبزیاں اور دیگر اجناس کی مارکیٹنگ اور سٹوریج کی سہولت بھی مہیا کی جائے گی، ڈویژن کے بعد اضلاع میں بھی مرحلہ وار پروگرام کے تحت ماڈل زرعی سنٹرز قائم کیے جائیں گے۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کاشتکاروں کو تمام تر سہولتیں ایک چھت تلے فراہم کرنے کے لئے جامع منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔