نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی اعظم خان کی نماز جنازہ میں شرکت

Published On 11 November,2023 07:31 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

نگران وزیراعلیٰ کے پی اعظم خان کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے چار سدہ کے نواحی گاؤں پڑانگ میں ادا کی گئی، نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی تمام مصروفیات ترک کر کے خصوصی طور پر پڑانگ پہنچے اور نماز جنازہ میں شرکت کی، نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔

محسن نقوی نے نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا، مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور مرحوم اعظم خان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔

مرحوم وزیراعلیٰ اعظم خان کے اہلِ خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ مرحوم نے ملک کے لیے قابل قدر خدمات سرانجام دیں، عوامی فلاح وبہبود کے لئے اعظم خان مرحوم کی کاوشوں کو یاد رکھا جائے گا۔