پنجاب: غیر قانونی تارکین وطن کا انخلاء سست روی کا شکار، صرف 432 ڈی پورٹ

Published On 14 November,2023 11:59 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کا انخلا سست روی کا شکار ہوگیا، گزشتہ 14 روز کے دوران پنجاب پولیس صرف 432 غیر قانونی تارکین وطن کو ڈی پورٹ کر سکی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب سے 11 ہزار غیر قانونی تارکین وطن رضاکارانہ طور پر اپنے ملک واپس جا چکے ہیں، اب تک پولیس اور دیگر ادارے 33 ہزار 235 تارکین وطن کے دستاویزات کو چیک کر چکے ہیں۔

غیر قانونی تارکین وطن کے انخلا کو تیز کرنے کے حوالے سے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دوبارہ اجلاس طلب کیا۔

آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور سمیت پنجاب کے تمام افسران کو آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کی اور روزانہ کی بنیاد پر تمام افسران کو رپورٹ آئی جی آفس بھجوانے کا حکم جاری کیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کل 80 ہزار کے قریب تارکین وطن موجود تھے، ان میں 45 ہزار کے پاس پی آر او کارڈ اور دیگر رہائشی دستاویزات موجود ہیں، جن غیر قانونی تارکین وطن کے پاس کوئی دستاویزات موجود نہیں ان کیخلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔