خون کے آخری قطرے تک ملک کی خدمت کرتا رہوں گا: گورنر خیبر پختونخوا

Published On 14 November,2023 06:56 pm

پشاور: (دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے کہا ہے کہ تاریخ میں بہت کم لوگوں کو 40 سال تک مسلسل ایک شہر سے منتخب ہوتے دیکھا، خون کے آخری قطرے تک اس شہر اور ملک کی خدمت کرتا رہوں گا۔

رسم تاج پوشی سے خطاب کرتے ہوئے گورنر کے پی غلام علی نے کہا کہ 40 سالہ طویل جدوجہد میں آج کا دن کبھی نہیں بھول سکتا، ہمیشہ صوبے اور ملک کی ترقی کی بات کی، پاکستان ہماری ریاست ہے اس کو مضبوط کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: نگران وزیراعلیٰ ارشد حسین شاہ کی تقرری پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج

انہوں نے کہا کہ فوج اور اداروں کے بغیر ریاستیں قائم نہیں رہ سکتیں، عراق اور لیبیا کی فوج کو ختم کرنے کے بعد اب ان کا حال کیا ہے؟ یہ ادارے مضبوط ہوں گے تو پاکستان مضبوط ہو گا۔

گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ سوشل میڈیا کی پوسٹ کی تحقیقات کریں تو وہ سرحد پار سے کی گئی ہو گی، صنعتوں کو سہولیات دیئے بغیر ملک سے بے روزگاری کا خاتمہ ممکن نہیں، ملک ایک مشکل وقت سے گزر رہا ہے، وہی قوم کامیاب ہوتی ہے جو مشکلات کا مقابلہ کرے۔

غلام علی نے کہا کہ ہمیں اپنے اخراجات میں کمی کرنا ہو گی، غیرملکی اشیاء کے بجائے مقامی مصنوعات کا استعمال کرنا ہوگا، لوگ چند ارب ڈالر کے عوض آئی ایم ایف کے سامنے خودی بیچ دیتے ہیں، اگر حکومت نے تاجر برادری کو تحفظ دیا تو آئی ایم ایف سے زیادہ ڈالر ملک لائیں گے۔