لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے سینئر سیاستدانوں اور سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔
خیبرپختونخوا کی ممتاز سیاسی شخصیت سلیم سیف اللہ خان نے شہباز شریف سے ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، سلیم سیف اللہ خان نے 21 اکتوبر کو مینار پاکستان پر تاریخی جلسے کے انعقاد پر شہباز شریف کو مبارک دی۔
سلیم سیف اللہ خان نے محمد نواز شریف کی وطن واپسی اور سیاسی سرگرمیوں کے آغاز پر بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا، دونوں رہنماؤں نے ملک کو درپیش سیاسی اور معاشی مسائل کے حل کے لئے سیاسی تعاون پر بھی گفتگو کی، شہباز شریف نے سلیم سیف اللہ خان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
شہباز شریف سے سابق ایم این اے چودھری حمید اور سابق ایم پی اے پیر طارق رضوی نے بھی ملاقات کی، پاکستان مسلم لیگ (ن) قصور کے جنرل سیکرٹری شہزاد گجر کی بھی پارٹی صدر سے ملاقات ہوئی۔
سابق وزیر اعظم نے پارٹی رہنماؤں کے جذبے اور انتخابی سرگرمیوں کے حوالے سے تیاریوں کو سراہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی معاشی خود انحصاری اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لئے ہم سب کو مل کر خلوص نیت سے دن رات محنت کرنا ہو گی، اللہ کے فضل سے نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے عوام سے جو بھی وعدہ کیا، اسے پورا کر کے دکھایا۔