لاہور: (محمد اشفاق) جناح ہاؤس حملہ کیس سمیت 4 مقدمات میں ضمانت منظور ہونے کے باوجود خدیجہ شاہ کو رہائی نہ مل سکی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے معروف فیشن ڈیزائنر کو امن و امان کے لیے خطرہ قرار دیکر 30 روز کے لیے نظر بند کر دیا، خدیجہ شاہ کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
ڈی سی کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق معروف فیشن ڈیزائنر کو ایس پی کینٹ اور ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس برانچ کی سفارش پر نظر بند کیا گیا ہے۔
نظر بندی کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ خدیجہ شاہ 9 مئی کو پرتشدد کارروائیوں میں شریک رہیں، خدیجہ شاہ کے خلاف مواد کا جائزہ لیا گیا ہے، وہ دوبارہ امن و امان کی صورتحال خراب کر سکتی ہیں۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے خدیجہ شاہ کو 30 دن کے لیے نظر بند کیا جاتا ہے۔
دوسری جانب خدیجہ شاہ کی لیگل ٹیم نے نظر بندی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔