کراچی:(دنیانیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ سندھ میں اپنا وزیراعلیٰ لائیں گے۔
کراچی میں ایم کیوایم پاکستان اور مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی ملاقات ہوئی، جس میں ایم کیو ایم کی طرف سے امین الحق، حسان صابر اور ن لیگ کے نہال ہاشمی، علی اکبر گجر اور دیگر شریک تھے۔
بعدازاں مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی ، اس موقع پرلیگی رہنما نہال ہاشمی نے کہا کہ امین الحق کی قیادت میں وفد کو خوش آمدید کہتے ہیں، آج ہماری مختلف حوالوں سے بات چیت ہوئی، کراچی اور سندھ کے حوالے سے بھی مثبت گفتگو ہوئی ہے، ہم نے ایک دوسروں کے سامنے اپنی اپنی بات رکھی ہے۔
نہال ہاشمی نے کہا کہ ہمارے اتحاد کا مقصد کرپشن کے خلاف سندھ کےلوگوں کی آواز بننا ہے، ہمارے اتحاد کا مقصد سندھ کے لوگوں کو امن ،پانی دینا ہے، سندھ پاکستان کا حصہ ہے اور سندھ کے لوگوں کا 15سال تک استحصال کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم 18 ویں ترمیم کو مزید آگے لے کر جائیں گے۔
اس موقع پر امین الحق کاکہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان اور ن لیگ سے اچھی انڈر اسٹینڈنگ ہے، گزشتہ ہفتے ہمارے وفد نے نواز شریف سے بھی ملاقات کی تھی، جس میں طے ہوا تھا ہم نے سندھ میں آگے کیسے بڑھنا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کو برباد کیا ہے ، 8 فروری کے الیکشن میں مشترکہ حکمت عملی طے کررہے ہیں ، ایم کیو ایم ماضی میں بھی ن لیگ کے ساتھ رہی ہے ، ہماری کوشش ہے کہ آئندہ وزیر اعلیٰ ہمارے اتحادیوں کا ہو ۔
امین الحق نے مزید کہا کہ آج خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی ، جمعہ کو شام چار بجے بہادر آباد میں ملاقات کریں گے محمد نواز شریف کی اکنامی کی وژن کو سندھ میں بھی لیکر آئیں گے، ہم سندھ کے لوگوں کے لیے شہباز سپیڈ لیکر آئیں گے ۔