ہمیں شفاف الیکشن اور بیلٹ بکس کی حفاظت چاہئے: شازیہ مری

Published On 22 November,2023 06:03 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا کہ ہمیں شفاف الیکشن اور بیلٹ بکس کی حفاظت چاہئے۔

رہنما پیپلزپارٹی شازیہ مری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاست خدمت، عبادت اور قربانی کا نام ہے، سیاست کوئی گالی نہیں ہے، ہماری لڑائی کسی پارٹی سے نہیں غربت، مہنگائی سے ہے، ایک جماعت کہتی ہے ’بات ہوگئی ہے‘ بھائی کسی اور کا لاڈلہ نہ بنوعوام کا بنو۔

شازیہ مری نے کہا کہ کس سے آپ لوگوں کی ’بات ہوگئی ہے‘؟ جمہوریت کی قربانیوں کی تذلیل مت کرو، وزیراعظم کو منتخب کرنا عوام کا حق ہے، ہماری بات عوام سے ہے اور بلاول عوام کا لاڈلہ ہے، ’بات ہوگئی ہے‘ جیسے بیانات باربار ملک کو پیچھے دھکیلتے ہیں۔

رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ پیپلزپارٹی قربانیاں دینے والی جماعت ہے، پاکستان میں جمہوریت، ترقی، روزگارعوام کا حق ہے، ملک میں جمہوریت کا فروغ چاہتے ہیں، بے نظیر کی شہادت کے باوجود ہم نے الیکشن لڑا، ہمیں پتا ہے ہمارے سامنے کیا رکاوٹ ہے اس لئے لیول پلیئنگ فیلڈ مانگتے ہیں۔

شازیہ مری نے مزید کہا کہ ہم ہر سیاسی جماعت کے لئے لیول پلیئنگ فیلڈ مانگ رہے ہیں۔