انتخابات میں کئے گئے وعدے سچ ہوتے تو ملک کے یہ حالات نہ ہوتے: مصطفیٰ کمال

Published On 22 November,2023 11:12 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے سینئرڈپٹی کنوینر سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ انتخابات میں کئے گئے وعدے سچ ہوتے تو ملک کے یہ حالات نہ ہوتے۔

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے برنس روڈ ٹاؤن میں مرکزی الیکشن آفس کا افتتاح کردیا، افتتاحی تقریب میں سید مصطفیٰ کمال، انیس قائمخانی اور ارکان رابطہ کمیٹی نے شرکت کی۔

سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی 76سالہ تاریخ میں کسی جماعت نے یہ نہیں کہا ہوگا کہ ووٹ لینے کے بعد ہم کام نہیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی پر قبضہ کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہونے دیں گے: مصطفیٰ کمال

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہمارے دور میں یہ شہر دنیا کے 12 تیزی سے ترقی کرتے شہروں میں شامل تھا، آج انسانوں کے رہنے کی بدترین جگہوں میں دنیا میں آخری 4 نمبرپر آتا ہے، ہمارے گھروں میں پینے کا پانی آتا نہیں سیوریج کا پانی جاتا نہیں، کیا ہسپتال کیا سڑکوں کی بات کروں سب کی حالت غیر ہے۔

ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر نے مزید کہا کہ پڑوسی چاند پر اور کراچی کا بچہ کھلے مین ہول میں گر کر مر جاتا ہے، بلاول پورے پاکستان میں جلسے کر کے کہتے ہیں کہ مجھے وزیراعظم بناؤ۔