کراچی: (دنیا نیوز) کنوینرایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سازشیں دم توڑ چکی ہیں، پیپلزپارٹی کا شکریہ اس نے ہمارا کچرا اٹھانے کا فیصلہ کیا۔
کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 9 فروری کو ہم یوم تشکر منائیں گے، آپ کی استقامت جیت گئی ہے، جو لوگ کہہ رہے تھے ایم کیو ایم تقسیم ہو رہی ہے ہم کہہ رہے تھے ایم کیو ایم کی تجدید ہو رہی ہے، ہم لاہور بتانے گئے تھے ہمیں حکومت نہیں انصاف چاہئے۔
خالدمقبول صدیقی نے کہا کہ یہ نکھرتی ہوئی ایم کیو ایم پاکستان کے چہرے کو نکھار دے گی، کچھ لوگوں نے اس شہر کا منہ لہو سے دھویا، آج یہ شہر پورے پاکستان کی عوام کو آزادی کی نئی نوید دے رہا ہے، یہ وطن غلامی کے لئے نہیں آزادی کے لئے بنا تھا۔
کنوینرایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے اپنے حصے کا پاکستان ساتھ لائے تھے، ایم کیو ایم کا کارکن، ماں، بہن اور بیٹی میدان عمل میں نکل آئی ہے، ہمارے باپ کا پاکستان ہے، کسی کو حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لینا ہو تو وہ ایم کیو ایم کے آفس میں آئے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اپنی سات سیٹوں کے ساتھ وفاق میں درست مردم شماری کروانے کا مقدمہ لڑا، ہماری کوششوں سے دس سال کے بجائے پانچ سال میں مردم شماری ہوئی، ہمیں دماغ درست کرنے ہیں اور پاکستان کو درست کرنا ہے، ایم کیو ایم ایمانداری کے ساتھ جن کی شناخت کے لئے نکلی تھی وہ دلوا دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ظلم برداشت کر لیا ہے، ہم لڑنا نہیں چاہتے لیکن ہم لڑنا جانتے ہیں۔