تنقید کرنیوالے کرتے رہیں، ہم کام پریقین رکھتے ہیں : مرتضیٰ وہاب

Published On 26 November,2023 03:29 pm

کراچی : (دنیانیوز) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ تنقید کرنے والے کرتے رہیں، ہم کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔

 سفاری پارک میں نئی تنصیب کی گئی زپ لائن کے افتتاح کے موقع پر میئر کراچی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’زپ لائن‘ کوعوام کیلئے کھول دیا گیا ہے، کراچی کی یہ پہلی فلائی زپ لائن ہے ، اس سے قبل ڈائنو سفاری پارک بنا چکے ہیں، شہریوں کو تفریحی سہولیات مہیا کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ساتوں اضلاع میں یکساں ترقیاتی کام جاری ہیں، سب چاہتے ہیں کراچی کی رونقیں بحال ہوں ، شہر میں بدمعاشی اور تنقید کی سیاست ختم ہوگی، کراچی والوں کو نظر آگیا کہ مسئلہ اختیار کا نہیں نیت کا تھا۔

مرتضٰی وہاب  کاکہنا تھا کہ لوگ کہتے ہیں اٹھارہویں ترمیم خراب ہے ،اس میں کیا خرابی ہے یہ نہیں بتاتے۔

مئیرکراچی نے مزید کہا کہ شہرمیں مزید پارکس بنانا ہمارا ٹارگٹ ہے، بہت سے کام مالی کمی کی بنا پرسُست روی کا شکار ہیں ، ایڈونچر پارک کو بھی بحال کرینگے ، عوام کومعیاری تفریحی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔