لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈیفنس کے علاقہ میں کار کی ٹکر سے 6 افراد کو ہلاک کرنے کے کیس میں نامزد ملزم شفقت کی عبوری ضمانت میں 4 دسمبر تک توسیع کر دی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل نے کیس کی سماعت کی، ملزم کے وکیل عرفان حیات باجوہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ مقدمہ مدعی کی جانب سے وکیل نے وکالت نامہ جمع کروا دیا۔
مرکزی ملزم افنان کے والد ملزم شفقت عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ کیا شفقت شامل تفتیش ہو گیا ہے؟ جس پر تفتیشی افسر ڈی ایس پی فخر نے جواب دیا کہ جی یہ شامل تفتیش ہو چکا ہے ابھی سی ڈی آر نکلوا رہے ہیں۔
بعدازاں لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزم کو ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے عبوری ضمانت میں 4 دسمبر تک توسیع کر دی۔