پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن، چیئرمین اور دیگر عہدوں پر انتخاب کیلئے پولنگ

Published On 02 December,2023 09:44 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کیلئے آن لائن ووٹنگ کا عمل جاری ہے، ووٹنگ کا عمل صبح 9 بجے سے شام 4 تک جاری رہے گا، پولنگ پشاور کے علاقہ رانو گڑھی میں ہو رہی ہے۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین کیلئے بیرسٹر گوہر علی خان کے علاوہ کسی اور نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے، گوہر علی خان کا بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہونے کا امکان ہے۔

انٹرا پارٹی الیکشن کے دوران پی ٹی آئی کے چیئرمین، وائس چیئرمین، مرکزی صدر، جنرل سیکرٹری سمیت صوبائی قیادت کا چناؤ ہو گا۔

‏انٹرا پارٹی الیکشن مرکز اور صوبائی سطح کی قیادت کیلئے منعقد کیے جائیں گے، ‏الیکشن میں ووٹرز آن لائن ایپ کے ذریعے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، ‏تمام امیدواران کے نام جاری کر دئیے گئے ہیں۔

تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن میں ‏تحریک انصاف کے مرکزی صدر کی نشست پر چودھری پرویز الہٰی امیدوار ہیں جبکہ ‏عمر ایوب انٹرا پارٹی الیکشن میں مرکزی سیکرٹری کے امیدوار ہیں۔

پنجاب کی صدارت کیلئے ڈاکٹر یاسمین راشد میدان میں اتری ہیں جبکہ ‏پنجاب کی جنرل سیکرٹری کی نشست پر حماد اظہر امیدوار ہیں، خیبر پختونخوا کی صدارت کیلئے علی امین گنڈا پور فیورٹ امیدوار ہیں، ‏خیبرپختونخوا کی سیکرٹری جنرل کی نشست پر علی اصغر میدان میں اترے ہیں۔

پی ٹی آئی سندھ کے صدر کے طور پر حلیم عادل شیخ امیدوار ہیں، ‏سندھ کے سیکرٹری کی نشست کے لیے ایڈووکیٹ علی اصغر میدان میں ہیں۔