لاہور: (دنیا نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کی ترجمان ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مرشد کے شوہر کی جگہ اب بیرسٹرگوہر چیئرمین پی ٹی آئی تعینات ہو گئے ہیں۔
پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی انتخابات پر ردعمل میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پراسیس کے بغیر بطور چیئرمین بیرسٹر گوہر کی تقرری پارٹی کے منشور اور جمہوری روایات کے بر عکس ہے، پی ٹی آئی کے برائے نام انٹرا پارٹی الیکشن ڈکٹیٹر شپ کی بدترین مثال ہیں جو نا قابل تسلیم ہیں۔
— Dr. Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousAwan) December 2, 2023
ان کا کہنا تھا کہ ووٹرز اور متبادل امیدواروں کے بغیر یہ الیکشن جمہوریت کی نفی اور جمہوری اقدار سے انکار ہے، جمہوریت کا درس دینے والوں نے آج خود ہی پارٹی کے اندر سے جمہوریت کے تاثر کو ختم کر دیا، مذکورہ انتخابات پارٹی کے آئین سے متصادم ہیں جن کی کوئی آئینی و قانونی حیثیت نہیں۔
آئی پی پی ترجمان نے کہا کہ خواہشات کے تابع الیکشن کے نتائج کسی طرح بھی تسلیم نہیں کئے جا سکتے، امید ہے الیکشن کمیشن ان انتخابات پر فوری نوٹس لیتے ہوئے انہیں کالعدم قرار دے گا، الیکشن کمیشن کو یہ نتائج مسترد کرتے ہوئے پارٹی کے خلاف بھرپور اور مؤثر کارروائی کرنی چاہئے۔
فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ جو جماعت اپنے اندر جمہوری روایات قائم نہیں رکھ سکتی وہ ملک میں کیسے جمہوریت لا سکتی، جمہوریت پسند پارٹی کے طور پر استحکام پاکستان پارٹی ان نتائج کو مسترد کرتی ہے۔