لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ اٹھارہویں ترمیم ادھوری ہے ہم اس کو مکمل کریں گے۔
پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کے بعد ماڈل ٹاؤن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 18 ویں ترمیم کا مقصد اختیارات کونچلی سطح تک منتقل کرنا تھا، ہم ایک مضبوط بلدیاتی نظام کےذریعے اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کریں گے، اگلے الیکشن میں (ن) لیگ کا بیانیہ ترقی کا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: مریم اورنگزیب نے چیئرمین پی ٹی آئی کا انتخاب سلیکشن قرار دے دیا
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی 10سال خیبرپختونخوا، پیپلزپارٹی 15 سال سندھ میں لگا چکی ہے، مسلم لیگ (ن) پنجاب میں حکمرانی کرچکی ہے، کیا پیپلزپارٹی یہ کہہ سکتی ہے جو حال کراچی کا کیا وہی پورے پاکستان کا کردیں گے، پشاور کا حال سب کے سامنے ہے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اناڑی کو مسلط کرکےترقی کے سفرکو کریش کردیا گیا، ہم ترقی کے سفرکو دوبارہ شروع کریں گے، پاکستان کے چیلنجز کا حل مضبوط منتخب حکومت میں ہے، ن لیگ کے پاس صلاحیت بھی ہے اور ٹیم بھی موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلزپارٹی پنجاب میں ن لیگ کے مخالف کو ووٹ حاصل کرنا چاہتی ہے: رانا ثنا اللہ
انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے گیارہ ہزارمیگاواٹ بجلی کے منصوبے چارسالوں میں لگا کر دکھائے، مسلم لیگ (ن) نے دہشت گردی کوختم کیا، آج مرکزی پارلیمانی بورڈ کا پہلا اجلاس ہوا، سرگودھا ڈویژن کے100سےزائد امیدواروں کےانٹرویوز کئے گئے، 6 دسمبر کو بلوچستان کے امیدواروں کےانٹرویوہونگے، بہترین امیدواروں کوٹکٹ جاری کئے جائیں گے، ن لیگ پہلی جماعت ہے جو انتخاب کی تیاری کیلئے سنجیدہ کوششیں شروع کرچکی ہے۔
احسن اقبال نے دانیال عزیز کی جانب سے تنقید سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ دانیال عزیز کا احترام کرتا ہوں، دانیال عزیز کے بیانات کا افسوس ہوا، سمجھ نہیں آتی دانیال عزیز بلاول بھٹو کی زبان کیوں بول رہے ہیں۔ دانیال عزیزسے ان بیانات کی توقع نہیں تھی۔