لاہور: (دنیا نیوز) سیاسی جوڑ توڑ میں بڑی پیشرفت، استحکام پاکستان کے قائد جہانگیر خان ترین اور رہنما عون چودھری کی شہباز شریف سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق ہو گیا۔
آئندہ انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں پاکستان مسلم لیگ ن کے قائدین کی دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں اور رابطے جاری ہیں، اسی حوالے سے استحکام پاکستان پارٹی کے قائد جہانگیر ترین اور عون چودھری کی شہباز شریف کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن آمد ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: ایک شخص نے ملک تباہ کر دیا، ہم اقتدار نہیں عوام کی بھلائی چاہتے ہیں: نواز شریف
لیگی ذرائع کے مطابق دونوں پارٹیوں کے رہنماؤں کی ملاقات 45 منٹ تک جاری رہی، ملاقات میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے دونوں رہنماؤں میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اور جہانگیر ترین کے درمیان ملاقات میں پنجاب اور لاہور سمیت قومی اسمبلی اور پنجاب کے مختلف حلقوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ بارے امور پر گفتگو ہوئی۔
ذرائع کے مطابق دونوں جانب سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اصولی طور پر اتفاق ہو گیا لیکن سیٹ ایڈجسٹمنٹ کتنی نشستوں پر ہو گی یہ طے کرنے لیے پارٹی رہنماؤں کی ملاقاتوں کے مزید دور ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: دہشتگردی کے باعث الیکشن ملتوی نہیں ہو سکتا، ادارے سکیورٹی یقینی بنائیں: رانا ثناء اللہ
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور، ساہیوال، لودھراں، رحیم یار خان سمیت دیگر علاقوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ممکن ہے تاہم نشستوں کی تعداد کا تعین اگلی ملاقاتوں میں پیپر ورک کے ساتھ کیا جائے گا۔
دوسری جانب لیگی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ مسلم لیگ ن کے قائد اور کور کمیٹی کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
بعد ازاں ن لیگ کے رہنماؤں رانا ثناء اللہ، ایاز صادق اور خواجہ سعد رفیق کی جہانگیر خان ترین کے گھر آمد ہوئی، ن لیگی رہنماؤں کے وفد نے سربراہ استحکام پاکستان پارٹی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں آئی پی پی کے سینئر قائدین اسحاق خان خاکوانی، عون چودھری اور نعمان لنگڑیال بھی موجود تھے، ملاقات میں استحکام پاکستان پارٹی اور ن لیگ میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ سمیت آئندہ کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔