اسلام آباد: (دنیا نیوز) توشہ خانہ تحقیقات میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے بشریٰ بی بی کو فائنل طلبی کا نوٹس جاری کر دیا۔
بشریٰ بی بی کو 11 دسمبر کو دن دس بجے طلب کیا گیا ہے، نیب کی جانب سے بشریٰ بی بی کو تمام تحائف اور تفصیلات ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نیب کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی جب وزیراعظم تھے تو آپ کو غیر ملکی معززین سے تحائف ملے، آپ کو غیر ملکی معززین نے تحائف لاکھوں مالیت کے دیے۔
نوٹس میں مزید کہا گیا کہ آپ نے 2019ء میں ایک لاکٹ، کانوں کی بالیاں، بریسلیٹ وصول کیا، پھر 2020ء میں نیکلس، بریسلیٹ، انگوٹھی اور کانوں کی بالیاں وصول کیں، اسی طرح 2021ء میں بھی نیکلس، کانوں کی بالیاں، انگوٹھی اور گھڑی وصول کی۔