لاہور: (دنیا نیوز) حکومت پنجاب نے پٹرولنگ پوسٹ، خدمت مراکز کے ساتھ ساتھ پولیس سٹیشنز، آن لائن اور ایپ کے ذریعے شہریوں کو لرننگ ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ فیصل یوسف کے ہمراہ پولیس خدمت مرکز لبرٹی کا دورہ کیا، آئی جی نے کہا کہ لرنر و ریگولر ڈرائیونگ لائسنس، انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس اور رینیول آف لائسنس کا حصول انتہائی آسان بناتے ہوئے نئے آن لائن سسٹم ڈاٹ نیٹ متعارف کروا رہے ہیں۔
ڈاکٹر عثمان انور نے مزید بتایا کہ سسٹم کے ذریعے اب شہری گھر بیٹھے آن لائن لرننگ ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے، اوور لوڈ کی وجہ سے لائسنس اجراء سسٹم میں تعطل و خرابی کرنے کے خدشات کو دور کر دیا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف کے ہمراہ خصوصی پیغام بھی جاری کیا جس میں کہا گیا شہریوں کے لئے آن لائن لرنر آن ویب ایپ سروس اتوار سے شروع کی جا رہی ہے، پنجاب کے تھانوں کے فرنٹ ڈیسک پر لرنر لائسنس بنانے کی سہولت کا آغاز بھی اتوار سے کر دیا جائے گا۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ لبرٹی خدمت مرکز پر اتوار کو شام 06 بجے سے 50 سال سے زائد العمر شہریوں کی میڈیکل ویریفیکیشن کی سہولت بھی میسر کر دی جائے گی، پنجاب پولیس خدمت ایپ کے ذریعے شہریوں کو لرنر کی سہولت 11 دسمبر کی شام سے فراہم کر دی جائے گی۔