اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ انتخابات کی تاریخ الیکشن کمیشن کے اختیار میں ہے، اگر انتخابات آگے پیچھے جا سکتے ہیں تو 8 ، 10 دن سے فرق نہیں پڑتا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ الیکشن کمیشن آئین کے مطابق انتخابات کا اعلان کر سکتا ہے، ہماری پارٹی سے نکل کر لوگوں نے اپنی اپنی جماعتیں بنائی ہیں، بیرون ملک پاکستانیوں کو بہکایا گیا۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا اُمیدوار میں بھی ہوسکتا ہوں، بلاول بھی ہوسکتا ہے اور خورشید شاہ بھی کہتے ہیں کہ میں بھی وزیراعظم کا اُمید وار بن سکتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: دہشتگروں کی رہائی کے پیچھے کون لوگ تھے، تحقیقات ہونی چاہئے، بلاول بھٹو
انہوں نے کہا کہ ووٹر لسٹوں میں افغان ووٹرز کا اندراج پی ٹی آئی کے لیے کیا گیا ہے، اس پر میں نے بھی درخواست دی ہے اور اسے حل کرنا ضروری ہے، اصل لاڈلے عمران خان ہیں، انہوں نے ابھی جیل نہیں دیکھی، جیل تو دو سال بعد پوچھتی ہے۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد سے 4 دن پہلے مجھے دوست کے ذریعے پیغام بھیجا گیا کہ اڑھائی سال کی مدت آپ لے لیں اور تحریک واپس لے لیں لیکن میں نے منع کر دیا، الیکشن کے بعد ایک روٹ کا فیصلہ کر لیں کہ کیا ہے، آپ ہماری سنیں اور ہم آپ کی۔
یہ بھی پڑھیں: ایک سیاستدان جیل سے نکلنے، دوسرا بچنے کیلئے الیکشن لڑرہا ہے : بلاول بھٹو
سابق صدر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس اب امیدوار وکیل ہیں جو ان کے کیسز بھی لڑ رہے ہیں، لطیف کھوسہ ہماری پارٹی میں نہیں، اعتزاز احسن بانی پی ٹی آئی کا پڑوسی تھا، اعتزاز کا احترام کرتے ہیں اس کی سیاسی سوچ نہیں، میں نے 11 سال پہلے ریفرنس بھیجا تھا اب جا کر لگا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں پولیٹیکل سائنٹسٹ ہوں، جمہوریت اور جمہوریت کا نظام بہت کٹھن ہے، میں نے پوری پارلیمنٹ کو اختیارات منتقل کئے۔