نواز شریف کی بریت پر سربسجود، وہ پوری قوم کے لیڈر ہیں: شہباز شریف

Published On 12 December,2023 06:52 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے کہا ہے کہ قائد میاں نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں بریت پر ہم سب اللہ تعالیٰ کے ہاں سربسجود ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہا کہ ‏نواز شریف صرف میرے بھائی اور قائد نہیں ہیں وہ پوری قوم کے لیڈر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی بریت اور حق کی اس فتح سے جلد ان کی قیادت میں پاکستان میں خوشحالی اور ترقی کا دور واپس آئے گا، ‏نواز شریف کے صبر، ایمان اور استقامت کو سلام پیش کرتا ہوں۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کی بریت اس بات کا ثبوت ہے کہ جب معاملات اللہ تعالٰی پر چھوڑ دیے جائیں تو وہ بہترین انصاف کرنے والا ہے۔

ٹوئیٹ کے اختتام پر انہوں نے شاعر مشرق علامہ اقبال کے مشہور ملی نغمے کا مصرع بھی لکھا ’’‏ہوتا ہے جادہ پَیما پِھر کارواں ہمارا‘‘۔