شرقپورشریف: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ پی ٹی آئی 2018ء کی طرح عدلیہ کی سپورٹ اور دھاندلی والی لیول پلیئنگ فیلڈ چاہتی ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ میاں نوازشریف پر بے بنیاد اور جھوٹے کیسز بنائے گئے تھے جو اب ختم ہو چکے ہیں، میاں نوازشریف کی نااہلی کی مدت کئی ماہ پہلے ختم ہوچکی ہے اب وہ الیکشن لڑیں گے۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ الیکشن میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لئے آئی پی پی، ایم کیو ایم اور جے یو آئی سمیت کئی پارٹیاں رابطے میں ہیں، ن لیگ کی اکثریت واضح ہے، حکومت بنانے کے لئے کسی جماعت کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ 9 مئی کے واقعہ میں ملوث ملزموں کو ان کے جرم سے کم سزا دی جارہی ہے، انہیں سیاست میں حصہ نہیں لینے دینا چاہئے، پاکستانی سکیورٹی ادارے ملکی سالمیت کے لئے جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں، انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ موجودہ چیف جسٹس آئین اور قانون کے پابند ہیں وہ ثاقب نثار جیسے نہیں ہیں۔