پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں نفرت اور تقسیم کی پرانی سیاست عروج پر ہے، ہم مل کر ملک اور صوبے کی قسمت بدلیں گے۔
خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی پی پی کی جدوجہد میں خواتین نے ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے، ہر مشکل وقت میں خواتین ورکرز نے صف اول کا کردار ادا کیا ہے، یہ خواتین کی جدوجہد کا نتیجہ ہے کہ سپریم کورٹ کے بینچ میں ایک خاتون جج بیٹھی ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم خواتین کے ساتھ برابری کا سلوک چاہتے ہیں، ملک کی معیشت اور ترقی خواتین کے بغیر ممکن نہیں، اب انتخابات میں سب سے ترقی پسند پیغام پیپلزپارٹی کا ہونا چاہئے، ہمارے انتخابی منشور سے واضح ہوجائے گا کہ خواتین کی نمائندگی آج تک صرف پی پی پی کر رہی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک بیٹے کی طرح ملک کی خواتین کی خدمت کرنا چاہتا ہوں، دیہاتی خواتین کو روزگار کے لئے قرض فراہم کریں گے، بینک ہمیشہ بڑے لوگوں کو قرض دیتے ہیں، خواتین کو قرض کی واپسی 99 فیصد ہے جو پروگرام کی کامیابی کا ثبوت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سیاسی اختلافات چھوڑ کرملکی مسائل کا مقابلہ کرنا ہے : بلاول بھٹو
انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آکر خواتین کو بلاسود قرض دیں گے، ہر شعبے میں خواتین کو آگے لانا چاہتے ہیں، سندھ کے سیلاب زدگان کی طرح ملک بھر میں گھر تعمیر کر کے دیں گے، ملک بھر میں خواتین کے لئے الگ بینک بنائیں گے، خواتین کو بھی تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کریں گے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ افغانستان کی طرح کچھ عناصرپاکستان کی بچیوں پر بھی تعلیم کے دروازے بند کرنا چاہتے ہیں، جب تک بلاول زندہ ہے خواتین پر تعلیم کے دروازے بند نہیں ہوں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بین الاقوامی تعلیمی اداروں سے آن لائن کورسز شروع کرائیں گے، افغانستان کی بچیوں کے لئے بھی آن لائن کورسز کی کوشش کروں گا، خواتین، طالبات کے حوالے سے افغان حکومت سے بات کروں گا۔