کراچی: (دنیا نیوز) کنوینر ایم کیو ایم اور سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ظالم کا ظلم ہار گیا ہے، یہ ملک اب عوام کے حوالے ہو گا۔
ناظم آباد میں مرکزی الیکشن آفس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کنوینر ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی چلتا ہے تو یہ ملک پلتا ہے، مبارک ہو کہ قوم کا صبر جیت گیا اور ظالم کا ظلم ہار گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس شہر کے باسیوں پر پانچ سال تک جعلی نمائندے مسلط تھے، اس ٹھنڈی شب میں آپ کا یہاں موجود ہونا قابل ستائش ہے، ناظم آباد اس شہر کا دل و دماغ ہے، ظالم کا جبر آپ کی استقامت کے آگے ہتھیار ڈال چکا ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ مردم شماری میں آپ اور ہم نے مل کر ایک نئی تاریخ رقم کی ہے، آبادی میں 75 لاکھ سے زائد افراد کو شمار کر کے دکھایا ہے، ہمیں اور آپ کو ایک اچھے وقت کیلئے تیار رکھنا ہے، اگلے سال باقی 75 لاکھ افراد کو بھی بازیاب کروانا ہے۔