لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اسمبلیوں اور سینیٹ میں صرف جاگیردار ہیں، مزدور اور غریب کا خیال کرنے والا کوئی نہیں۔
لاہور میں مزدور کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مزدور لاوارث نہیں ہے، ہماری پوری ٹیم آپ کے ساتھ ہے، مزدور پاکستان کی جان اور عزت ہے مگر ریاست اور پاکستان کا نظام ایسا ہے کہ مزدور سے کام تو لیا جاتا ہے لیکن ان کے گھر والوں کا خیال نہیں رکھا جاتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت کوئی ادارہ ایسا نہیں ہے جو مزدور کے بارے میں کچھ سوچ رہا ہو، ہماری اسمبلیوں اور سینیٹ میں صرف جاگیردار بیٹھا ہے، یہاں جو نظام ہے اس میں ہر حکومت میں ایک جیسے لوگ ہی نظر آتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ریلوے میں مزدوروں کی بہت ساری آسامیاں خالی ہیں، جو مزدور مر چکے ہیں ان کے بچوں کو ملازمت ملنی چاہئے، لیکن یہ لوگ وہ آسامیاں ختم کر دیتے ہیں، مسلم لیگ ن، پی پی پی اور پی ٹی آئی نے مل کر ریلوے کو تباہ کیا، جب تک یہ لوگ بیٹھے ہیں مزدور ترقی نہیں کرے گا، صرف سرمایہ کار اور جاگیردار ہی ترقی کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اگر آج ڈھائی کروڑ بچہ تعلیم سے دور ہے اور سات کروڑ سے زائد نوجوان روزگار سے محروم ہے تو اس کی وجہ مسلم لیگ ن، پی پی پی اور پی ٹی آئی ہیں، ریلوے کی ناکامی کی وجہ اس کا مزدور نہیں بلکہ اس کی کرپٹ مینجمنٹ ہے، اگر وزیر خزانہ کی تنخواہ میں تاخیر ہوتی ہے تو یہ مزدور بھی انتظار کر لیں گے۔
سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ حکومت مزدوروں کا خیال نہیں رکھتی، جن لوگوں کو آپ اپنی بات سنانا چاہتے ہیں وہ اندھے اور بہرے ہیں، آپ لوگ باہر ہیں اندر کوئی اور فیصلے کر رہا ہے، پاکستان میں کچھ گھرانے ملک کے تمام وسائل کو کنٹرول کر رہے ہیں، جماعت اسلامی ہی پاکستان کے ریلوے نظام کو بہتر کر سکتی ہے۔