پی ٹی آئی سمیت ہر پارٹی کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملنی چاہیے، منظور وسان

Published On 21 December,2023 11:43 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما منظوروسان نے کہا ہے کہ الیکشن میں پی ٹی آئی سمیت ہر پارٹی کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملنی چاہیے۔

اپنے ایک بیان میں رہنما پیپلز پارٹی منظور وسان نے کہا کہ 2018ء میں جس طرح بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو لایا گیا اسی طرح نواز شریف کو بھی لانے کی تیاری کی جا رہی ہے، آئندہ انتخابات میں کسی بھی پارٹی کومیجورٹی نہیں ملے گی، تمام پارٹیاں سیٹیں لیں گی۔

انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کو فری اینڈ فیئر الیکشن لڑنے کا حق دیا جائے، آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کا کچھ پارٹیوں سے مقابلہ ہوگا، انتخابات قریب آتے ہی پیپلز پارٹی کے خلاف اتحاد بنتے رہتے ہیں، انتخابات میں ن ليگ کے ساتھ اتحاد نہیں ہوگا۔

منظور وسان کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس 27 کوٹ ڈیجی پر میری جگہ اب میرا بیٹا ہالار وسان الیکشن لڑے گا، قومی اسمبلی کی نشست این اے 202 پر کل فارم جمع کرواؤں گا، پارٹی نے ٹکٹ دیا تو الیکشن لڑوں گا، وفاق میں بھی پیپلز پارٹی کی حکومت بن سکتی ہے۔