اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ گلوبل ہیلتھ سکیورٹی سمٹ کے انعقاد سے پاکستان کا نام روشن ہوگا۔
ندیم جان کا کہنا تھا کہ گلوبل ہیلتھ سکیورٹی سمٹ کے انعقاد کیلئے بھرپور تیاریاں کی جا رہی ہیں، گلوبل ہیلتھ سکیورٹی ایجنڈے کا بنیادی مقصد اقوام عالم بیماریوں سے محفوظ بنانا ہے، پاکستان کو صحت کے شعبے میں ایک مقام دلانا ہے، جس کا وہ حق دار ہے۔
وزیر صحت نے کہا کہ گلوبل ہیلتھ سمٹ میں ایک دوسرے کے تجربات سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جائے گا، سمٹ میں کم آمدنی والے ممالک، بین الاقوامی شراکت داروں اور ٹاپ کے صحت کے ماہرین شرکت کریں گے۔
ندیم جان نے کہا کہ سمٹ میں وباؤں سے نمٹنے کے لیے ایک مربوط اور موثر حکمت عملی تشکیل دی جائے گی، کسی بھی ناگہانی وباء کی صورت میں صحت کے نظام کو دھچکا لگتا ہے، معاشی طور پر بھی ملک کو نقصان ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی وباؤں سے نمٹنے کیلئے ایک مربوط اور جامع نظام تشکیل دینا چاہتے ہیں، عالمی وباء کی صورت میں پاکستان بلکہ دنیا کا صحت کا نظام اس سے مقابلے کے لیے تیار ہونا چاہئے۔
ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ عالمی وباء کی صورت میں وسائل، مالی امداد اور ویکسین کی تقسیم کہاں اور کس رفتار سے مہیا کی جائے، کسی بھی عالمی وباء کی صورت میں ترقی پذیر ممالک کا کلیدی کردار متعین کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ویکسین کی ترسیل کا منصفانہ طریقہ کار یقینی بنانا چاہئے، ہم چاہتے ہیں ویکسین کی ترسیل ضرورت کی بنیاد پر ہو۔