اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علو ی نے کہا ہے کہ کرسمس کے پرمسرت موقع پر مسیحی برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی محبت، ہمدردی اور امن کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں، مذاہب اور ثقافتوں کا تنوع پاکستان کیلئے باعث استحکام ہے، مسیحی برادری نے ملک کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں، ہم ملک میں امن، رواداری اور ہم آہنگی کے فروغ کیلئے مسیحی برادری کی جانب سے کی جانے والی قابل ستائش خدمات کا اعتراف کرتے ہیں۔
ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ حکومت پاکستان ملک میں تمام مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے، مجھے یہ کہتے ہوئے فخر محسوس ہوتا ہے کہ ریاست کے تمام ادارے اقلیتوں کے حقوق کا مکمل تحفظ کرتے ہیں۔
دوسری جانب نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کرسمس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ کرسمس، محبت، اخوت، برداشت اور ایثار کا نام ہے، قوم کی جانب سے مسیحی بہن بھائیوں کو کرسمس کی خوشیاں مبارک ہوں۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ کچھ برسوں میں عالمی سطح پر مذہبی عدم برداشت سے معاشرے میں بگاڑ کی صورتحال رہی، حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے انسانی ہمدردی، محبت، رواداری کے پیغام پر عمل کی ضرورت ہے۔