پشاور: (ویب ڈیسک) نگران وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج نے کہا ہے کہ پاکستان میں مسیحی کمیونٹی سمیت تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔
مقامی ہوٹل میں کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر خلیل جارج نے کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں اور اپنے ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے متحد ہیں، تمام رسول اس دنیا میں انسانیت کی رہنمائی کرنے، امن، امید، بھائی چارے، محبت اور بقائے باہمی کے آفاقی پیغام پہنچانے کیلئے بھیجے گئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ زندگی میں تمام چیلینجز کا مقابلہ اتحاد، خود اعتمادی اور قومی اتفاق سے کیا جاسکتا ہے، کرسمس کو لوگوں ایک دوسرے سے قریب کر دیتا ہے اور اس کو منانے کا بہترین طریقہ غرباء، یتیم اور ضرورت مند لوگوں کو اپنی خوشی میں شامل کرنا ہے تاکہ دوریوں کو ختم کرکے خوشیاں بانٹی جاسکیں۔