اسلام آباد: (دنیا نیوز) دنیا بھر کی طرح ملک میں بھی مسیحی برادری نے اپنا مذہبی تہوار بھرپور عقیدت و احترام سے منایا اس حوالے سے کرسمس کی تقریبات کا خصوصی اہتمام کیا گیا جن میں کرسمس ٹری سجائے گئے، گرجا گھروں پر چراغاں، عبادات اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
اسلام آباد میں مسیحی برادری نے گلی کوچوں کی سجاوٹ کے ساتھ گھروں میں کرسمس ٹری بھی سجائے، کراچی میں گرجا گھروں پر چراغاں کر کے عبادات اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
لاہور میں سانتا کلاز نے بچوں میں تحائف تقسیم کیے، پشاور میں مسیحی برادری نے گھروں کو خوب صورتی سے سجایا، راولپنڈی میں بھی بچوں، خواتین اور مردوں نے پرجوش انداز سے کرسمس منایا۔
مسیحی برادری کے مذہبی تہوار کرسمس کی مناسبت سے کوئٹہ کے ایک نجی تعلیمی ادارے میں کرسمس تقریب میں قومی پرچم اٹھائے سانتا کلاز نے مذہبی گیت کیرلز گا کر ملک کی سلامتی امن و استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی۔
پشاور کے مسیحی لوک گلوکار ڈینیل شوکت نے کرسمس پر پہلی بار اپنا مذہبی گیت پشتو زبان میں ریکارڈ کروایا، گیت کے بول ڈینیل کے والد شوکت پرویز نے لکھے جو خود بھی شاعر ہیں۔