لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے 1500 پسماندہ افراد میں کرسمس کے تحائف اور راشن تقسیم کیا گیا، تحائف اور راشن تقسیم کرنے کا مقصد مسیحی برادری کی خوشیوں میں شرکت کرنا تھا تاکہ ملک میں مثبت اقدار کو فروغ دینے کے لیے انہیں تحفظ کے ساتھ ساتھ مذہبی ہم آہنگی کے احساس کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر سید احسان اللہ وقاص نے مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے ان کا بنیادی حق قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے ضرورت مندوں کی دیکھ بھال کرے جو وسائل کی عدم دستیابی کی وجہ سے خوشیاں منانے سے محروم رہ جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح الخدمت فاؤنڈیشن عید کے موقع پر ضرورت مند اور غریب افراد میں تحائف تقسیم کرتی ہے، اسی طرح یہ دیوالی اور کرسمس کے موقعوں پر تحائف بھی تقسیم کرتی ہے، الخدمت فاؤنڈیشن ملک کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سیلاب زدگان میں کرسمس کے تحائف بھی تقسیم کر رہی ہے۔
نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن نے کہا کہ یہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہر ممکن حد تک مذہبی انتشار کی حوصلہ شکنی کی جائے اور لوگوں میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے، الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میں عوام کی خدمت کر رہی ہے، یتیموں کی کفالت سے لے کر سماجی خدمات جیسے وہیل چیئرز کی فراہمی، موسم سرما کا پیکیج، کرسمس، گڈ فرائیڈے اور دیوالی جیسے مواقع پر الخدمت فاؤنڈیشن اقلیتوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ اپنا کردار ادا کرتی رہی ہے۔
کرسمس کا تحفہ وصول کرنے والی ایک خاتون سکینہ بی بی نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ہر سال کرسمس کے موقع پر ان کے لیے ایسی تقریب کا انعقاد کرتی ہے جس میں انہیں الماری، بستر اور چادریں اور راشن فراہم کیا جاتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں یہ ان کے لیے اہم ہے۔
اس موقع پر اقلیتی امور کے ذمہ دار ایک افسر پچار وقاص نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن گزشتہ 20 برسوں سے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری میں تحائف تقسیم کر رہی ہے، الخدمت کے رضاکار تحائف کی تقسیم کی شفافیت کو جانچنے اور ضرورت مند افراد کو کوپن جاری کرنے کے لیے علاقے کا سروے کرتے ہیں۔
اس موقع پر الخدمت کمیونٹی سروسز کے نیشنل ڈائریکٹر فاؤنڈیشن عامر محمود چیمہ نے کہا کہ الخدمت کی جانب سے اس طرح کی تقریبات دنیا کے لیے ایک پیغام ہے کہ لوگ ایک روادار معاشرے میں ایک دوسرے کے ہمہ وقت ساتھی ہیں اور اقلیتوں کے مسائل سے نمٹنے کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن کا الگ الگ اقلیتی ونگ ہے جس میں چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر، فاٹا، گلگت بلتستان، کراچی اور اسلام آباد کے اراکین شامل ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں اور لاہور، کراچی اور راولپنڈی جیسے شہروں میں کرسمس کے تحائف تقسیم کیے گئے۔