ماسکو: (ویب ڈیسک) آرتھوڈوکس مسیحی آج دنیا بھر میں کرسمس مناتے ہوئے خصوصی عبادات کا اہتمام اور گرجا گھروں میں شمعیں روشن کر رہے ہیں۔
آرتھوڈکس کرسمس کے موقع پر روس، یوکرین، جارجیا، پولینڈ اور مشرقی یورپ کے کئی ممالک میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا، روس کے دارالخلافہ ماسکو کے کیتھیڈرل میں ہونے والی دعائیہ تقریب میں صدر پیوٹن نے بھی شرکت کی۔
ماسکو میں ہونے والی تقریب میں روس کے آرتھوڈوکس چرچ کے سربراہ پیٹریاک کیرِل نے جنگ زدہ یوکرین میں ہونے والی اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے کرسمس کے موقع پر فوجی واقعات غالب آگئے ہیں۔
خیال رہے کہ یوکرینی شہریوں کی اکثریت آرتھوڈوکس چرچ سے وابستہ ہے، یہی وجہ ہے کہ روسی صدر پیوٹن نے آرتھوڈوکس کرسمس پر جنگ بندی کا حکم دے رکھا ہے۔
روسی صدر کی جانب سے کرسمس کے موقع پر یوکرین میں 6 جنوری دن 12 بجے سے 7 جنوری رات 12 بجے تک 36 گھنٹوں کے لئے جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا۔
دوسری جانب یوکرین نے روسی صدر پیوٹن کے جنگ بندی کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ منافقت ہے۔