نوابشاہ : (دنیانیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مسائل بہت زیادہ ہیں مگر ان کا حل موجود ہے، ہم نے تاریخی مہنگائی،غربت اور بیروزگاری کا مقابلہ کرنا ہے، ہم تقسیم، نفرت اور گالم گلوچ کی سیاست کو ختم کرکے مسائل کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔
نواب شاہ میں کیڈٹ کالج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کا خواب خواتین کیلئے تھا، کیڈٹ کالج کے طلبا شہید بینظیر بھٹو کا خواب پورا کررہے ہیں، پرانے سیاستدان پاکستان کا ماضی ہے،آپ پاکستان کا مستقبل ہیں، ہم ملکر محنت کریں گے،ملکی ترقی میں حصہ ڈالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت کافی مسائل کا مقابلہ کررہے ہیں، تین ،چار بڑے مسائل کے بارے میں بات کرنا چاہوں گا، ہم عوام کی تکالیف اور مسائل کو حل کرسکتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ قائدعوام نے ہمیں روٹی ،کپڑا اور مکان کا منشور دیا، آج روٹی ،کپڑا اور مکان کی بہت ضرورت ہے۔ اس وقت تاریخی معاشی بحران ہے، پاکستان کو موسمی تبدیلی کی وجہ سے خطرہ ہے، ہمالیہ میں برف پگھلے گی اور عوام کو نقصان ہوگا۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک بہت بڑا چیلنج ہے، پورے ڈویلپمنٹ کے نقشے میں ہم تبدیلیاں لیکر آئیں گے، ہم ماڈرن ٹیکنالوجی استعمال کریں گے،تاکہ ذرائع معیشت کو بچاسکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے، کسان خوشحال تو ملک اور عوام خوشحال ،کسان خوشحال ہےہوگا ہم دنیا کا مقابلہ کرسکتے ہیں، پیپلز پارٹی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام لائی تھی، ہم مزدروں کیلئے مزدور کارڈ ،نوجوانوں کیلئے یوتھ کارڈ لیکر آئیں گے۔
سابق وزیرخارجہ کہنا تھا کہ ہم ماضی کی طرح معیشت کو خوشحالی کی جانب لیکر آئیں گے، گھروں اور دکانوں میں کام کرنے والوں کا حق ہے کہ انکو پنشن ملے، یوتھ کارڈ اور یوتھ مرکز نوجوانوں کو مدد فراہم کریں گے ، یوتھ مرکز میں ڈیجیٹل لائبریری ،مفت وائی فائی ہوگا، یوتھ مرکز میں ثقافت اور دوسرے شعبوں کیلئے سہولت دستیاب ہوگی، ہم اپنے نوجوانوں کویوتھ مرکز میں ٹریننگ کروائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے اسلام آباد والے بابو کہتے ہیں ہمارے پاس پیسے نہیں، ہمارے پاس اتنے وسائل ہیں کہ ہم مسائل حل کرسکتے ہیں، اسلام آباد میں 17وزارتوں کی آئینی طور پر کوئی ضرورت نہیں، ان سالانہ ان 17وزارتوں میں 3سوارب روپے خرچ ہوتا ہے، ہم ان 17وزارتوں کو بند کریں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اس وقت نفرت اور تقسیم کی سیاست چل رہی ہے، نفرت ،تقسیم کی سیاست کو چھوڑ کر ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں، پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں تاکہ ملک اور عوام کی قسمت بدل سکیں ۔