لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ عام انتخابات کیلئے سب کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملنی چاہیے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ الیکشن کے بغیر پاکستان کے حالات مزید خراب ہوں گے، مخالفین الیکشن کو متنازع بنانا چاہتے ہیں۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا ہے کہ ڈان اور سسلین مافیا کے آج تک الفاظ واپس نہیں لئے گئے، آج ایک شخص کو کبھی معصوم تو کبھی گڈ ٹو سی یو کہا جاتا ہے، 2018 میں تو ہمارے لیے لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں تھی کیا اس وقت معصوم کا لفظ استعمال کیا گیا؟ اگر کوئی کہتا ہے 9 مئی کا واقعہ کوئی جرم نہیں ہے تو آئین بدل دو۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے سینیٹ کا الیکشن بغیر انتخابی نشان کے لڑا تب کسی نے آواز نہیں اٹھائی، اس وقت کسی نے یہ نہیں کہا کہ دوتہائی اکثریت والی جماعت سے ناانصافی نہ کی جائے، مقبول ہونے کیلئے جلسے جلوس کرنے پڑتے ہیں، کبھی سوشل میڈیا پر بھی کوئی مقبول ہوتا ہے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ماضی میں کسی کی خواہش پر فیصلے سپریم کورٹ میں کیے جاتے تھے، آج کہا جاتا ہے ضمانت کیلئے حاضری ضروری ہے۔
جاوید لطیف نے کہا کہ جس نے ملک کے لیے سب کچھ کیا اسے کوئی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں دی گئی، ہمیں تو صرف آج فیلڈ ملی ہے لیول تو ملا ہی نہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ کسی کی انتخابی مہم نہ چلائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کے بغیر صرف جمہوریت کا نہیں ملک کا بہت بڑا نقصان ہوجائے گا، آپ کسی کو معصوم کہیں یا گڈ ٹو سی یو مجھے اعتراض نہیں، 9 مئی کو ملکی استحکام اور ریاستی اداروں کو نقصان پہنچایا گیا۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ کیا مقبولیت کا پیمانہ دہشت گرد کے پیرو کاروں کی تعداد کو کہا جائے، نواز شریف کے پیروکار ریاستی اداروں کو حملہ کرنے والوں سے بچائیں گے، ہم جلسے جلوس کر رہے ہیں لیکن سوشل میڈیا پر کچھ اور کمپین ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے مزید کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر چلا مجھ پر حملہ ہوا لیکن میں چنگا بھلا آپ کے سامنے کھڑا ہوں، کیا اس طرح سوشل میڈیا پر لوگوں کو مہم چلانے کا موقع دیں گے؟