فلسطینیوں کی امداد کیلئے کوششیں جاری، 20 ٹن سامان کی تیسری کھیپ بھیج دی: طاہر اشرقی

Published On 01 January,2024 05:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزيراعظم کے معاون خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی، اسلامی ممالک و مشرق وسطیٰ و چيئرمين پاكستان علماء كونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفى نے کہا کہ فلسطینی بھائیوں کی امداد کے لئے ہر ممکن کوششیں کی جارہی ہیں۔

طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے 20 ٹن امدادی سامان کی تیسری کھیپ مصر روانہ کردی گئی ہے، حکومت پاکستان اور پاک فوج کی جانب فلسطینی بھائیوں کی امداد کے لئے تیسری کھیپ بھجوادی گئی ہے، حکومت پاکستان اور آرمی چیف کی خصوصی ہدایات پر امداد کا تیسرا جہاز مصر روانہ کر دیا گیا ہے۔

چیئرمین علماء کونسل نے کہا کہ یہ امداد اہل غزہ کے لئے ہلال احمر کے ذریعے غزہ پہنچائی جائے گی، امدادی سامان پاک فضائیہ کی خصوصی پرواز کے ذریعے نور خان ایئربیس سے روانہ کیا گیا، امدادی سامان میں سرجیکل، طبی سامان، خشک کھانے کی اشیاء اور بچوں کے لئے گفٹ بیگز کے علاوہ حفظان صحت کی کٹس بھی شامل ہیں۔

طاہر اشرفی نے مزید کہا کہ پاکستان کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر اور وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی خصوصی ہدایات پر غزہ کی امداد کو بڑھایا جا رہا ہے اور مزید اس سلسلے کو بڑھایا جائے گا، اس مشکل گھڑی میں مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ہر ممکن کوشش ہے کہ اہل غزہ پر ظلم و ستم فوری بند کیا جائے اور ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست قائم کی جائے جس کا دارالخلافہ القدس شریف ہو۔