لاہور: (دنیا نیوز) ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن سروسز میں ایک اور اضافہ کر دیا گیا، حکومت کی طرف سے ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کا آغاز ہو گیا، نہ قطار نہ انتظار اپنے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید گھر بیٹھے کریں۔
ٹریفک پولیس پنجاب اور پی آئی ٹی کے اشتراک سے ڈرائیونگ لائسنس سسٹم میں جدت لائی گئی ہے، شہری پہلے لرنر لائسنس اور لرنر لائسنس کی تجدید آن لائن حاصل کر رہے تھے، اب سے شہری اپنے ریگولر لائسنس اور انٹرنیشنل لائسنس کی خود تجدید آن لائن کر رہے ہیں۔
نئی شروع ہونیوالی سروسز میں اب تک 842 شہریوں نے ریگولر آن لائن لائسنس کی تجدید کیلئے اپلائی کر دیا، 10 شہریوں نے انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کیلئے اپلائی کر دیا۔
17 ہزار 566 شہریوں نے نیو لرنر جبکہ 3 ہزار 295 شہریوں نے لرنر ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کیلئے اپلائی کر دیا، شہری اب گھر بیٹھے ریگولر اور انٹرنیشنل لائسنس کی تجدید کروا رہے ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے آن لائن لائسنس سروسز سے خدمت مراکز اور دیگر ٹریفک دفاتر کے رش میں کمی آئے گی۔