پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کے چیئرمین پرویز خٹک نے پارٹی منشور کا اعلان کردیا۔
تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کے سربراہ پرویز خٹک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سکولوں کے مسائل حل کرنا ہیں، ہم نے پہلے بھی غریب کے بچوں کی تعلیم کیلئے اقدامات اٹھائے، چاہتا ہوں سرکاری سکولوں اور مدرسے میں ایک جیسی تعلیم ہو، بہترین تعلیم کیلئے تمام سہولیات اپنے 5 سال میں فراہم کیں، اپنے وقت میں محکمہ صحت میں بہت کام کیا ہے، عوام کو صحت کارڈ دیا۔
پرویز خٹک نے کہا کہ ایمرجنسی میں علاج فری کیا تھا، 18 لاکھ لوگوں کو صحت کارڈ پر علاج فراہم کیا، اب صحت کارڈ ختم کیا گیا ہے یہ غریب عوام کیساتھ ظلم ہے، ہسپتالوں میں ڈاکٹرز، نرسز، عملہ بھرتی کیا تھا، پولیس میں ریفارم اپنے وقت میں لایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کیلئے بجلی اور گیس کی آمدن کیلئے وفاق سے بات کریں گے، میں نے اپنے دور میں اڑھائی سو سمال ہائیڈرو پراجیکٹ تعمیر کئے ہیں، بجلی اور گیس ہم اپنی ضرورت سے زیادہ پیدا کرتے ہیں، یہاں سیاستدان اداروں کو ٹھیک سے کام نہیں کرنے دیتے۔
پرویز خٹک نے مزید کہا کہ میں ای بلنگ متعارف کراؤں گا کیونکہ بلوں کے مسائل بہت زیادہ ہیں، پورے سسٹم کو بہتر بنانا ہے، رشوت کو کم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں اور مزید بھی اٹھائیں گے، یوتھ کیلئے ٹیکنیکل پروگرام شروع کیا تھا، الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں، الیکشن کے حق میں ہوں، بانی پی ٹی آئی نے کچھ بھی نہیں کیا تھا ان کو تو کچھ پتہ ہی نہیں تھا۔
سربراہ تحریک انصاف پارلیمنٹرینز نے کہا کہ صحت کارڈ، پولیس ریفارم سب کچھ میں نے شروع کئے تھے، بانی پی ٹی آئی کے پاس تو کوئی پلان ہی نہیں تھا، میرا کوئی شوق نہیں ہے کہ بڑی بڑی بلڈنگ بناؤں، کام ٹھیک کرنا ہے، عوام کے زندگی آسان بنانی ہے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں جو کام ہوئے وہ میں نے کئے ہیں، اگر بانی پی ٹی آئی کا پلان ہوتا تو یہ سب کچھ پنجاب اوردیگرصوبوں میں کیوں نہیں کیا گیا، جس پارٹی کے بھی امیدوار ہیں وہ سوئے ہوئے نہیں ہیں، ہرکوئی اپنی کمپین کر رہا ہے، میں بھی روزانہ کی بنیاد پر پروگرام کرتا رہتا ہوں۔