کراچی: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ لوگوں کے دلوں میں نفرت پیدا کرکے سیاست کرنے والوں کو مسترد کرنا ہوگا۔
سابق صوبائی وزیر سعید غنی نے پی ایس 105 میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں لوگوں کے کردار پر نہیں اپنے کام گنوا کر ووٹ مانگ رہا ہوں، کراچی کا بہترین ٹیکنیکل کالج پی ایس 105 میں بنایا گیا، اس حلقے کے بچے اور بچیاں ہنر مند بن کر نکل رہے ہیں۔
سعید غنی نے کہا کہ کچھ لوگوں نے پانی گھروں میں روکنے کے لئے کیسز کئے، حکومت میں آکر یہ کیسز ختم کروا کر پانی کی سیاست 105 سے ختم کردیں گے، پورے سندھ میں سرکاری سطح پر کوئی ہیلتھ کلب نہ تھا، سندھ کا پہلا ہیلتھ کلب میرے حلقے میں بن رہا ہے، 5 سال پہلے کہا تھا گلیاں بنوا کر دوں گا، آج بڑی حد تک گلیاں بن گئی ہیں۔
سابق صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ جہاں گلیاں نہ بن سکیں وہاں پانی یا گیس کی سکیموں کی وجہ سے رکی ہوئی ہیں، آنے والا وزیراعلیٰ ہمارا ہوگا، میئر ہمارا ہوگا اور آپ کا کام بھی ہم کریں گے، آنے والی حکومت پیپلزپارٹی کی ہے، بجلی گیس کے کام بھی ہم ہی کروائیں گے۔