لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی نظریاتی اختر اقبال ڈار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی امیدواروں کو ہم نے ٹکٹ جاری نہیں کیے، انہوں نے ہمارے جعلی ٹکٹ جمع کرائے۔
لاہور پریس کلب میں ہنگامی نیوز کانفرنس کرتے ہوئے اختر اقبال ڈار نے کہا کہ آج 12 بجے سے افواہیں گردش کر رہی ہیں، پی ٹی آئی امیدواروں نے ہمارے جعلی ٹکٹ جمع کرائے، پی ٹی آئی امیدواروں نے پی ٹی آئی نظریاتی کی ٹکٹیں کہاں سے لیں؟
انہوں نے کہا کہ اپنے امیدواروں کو میں نے خود ٹکٹ جاری کئے، 2018ء میں جو ٹکٹ جاری کیے تھے وہی اس دفعہ جاری کیے ہیں، پی ٹی آئی نظریاتی کے ارکان کی لسٹیں کچھ دیر بعد جاری کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کا انتخابی نشان کی الاٹمنٹ بارے اہم حکم نامہ جاری
اختر اقبال ڈار نے کہا کہ میرے ٹکٹ پر واضح طور پر بلے باز کا نشان موجود ہے، سمجھ سے باہر ہے پی ٹی آئی نے کہاں سے ٹکٹیں ڈرافٹ کرائیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے آرڈر دے دیا ہے کہ کوئی کسی اور پارٹی کا استعمال نہیں کر سکتا، میں نے یہ پارٹی اس لئے بنائی تھی کہ دھونس نہیں چلے گی، میں نے خود فیصلہ کیا اور پی ٹی آئی ن کی بنیاد رکھی۔
اختر اقبال ڈار نے کہا کہ پی ٹی آئی این کا اپنا منشور،اپنا آئین ہے، ہمارا نعرہ کرپشن کی سزا موت ہے، سزا اور جزا کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، اللہ نے اس لیے ہی سزا اور جزا رکھی ہے کہ سب ٹھیک ہو جائیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام پارٹیاں اپنے اپنے وعدے لے کر عوام میں جا رہی ہیں اس کے باوجود ملک پیچھے کیوں جا رہا ہے، ہر بندہ ملک سے ہجرت کرنا چاہتا ہے، ووٹ کے ذریعے ان کا احتساب کیا جائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نظریاتی نے کہا کہ مجھے کسی نے اغوا نہیں کیا، اٹھایا نہیں، نہ ہی مجھ پر کوئی دباؤ ہے، ہم نے کئی شہروں سے اپنے امیدوار کھڑے کئے ہیں، میری جماعت کے 50 امیدوار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چند برسوں میں محسوس کیا کہ شفافیت اور سچائی پی ٹی آئی میں نہیں، صحیح سمت جانے والوں کیلئے پی ٹی آئی این بنائی، یہ تینوں پارٹیاں مل کر پاکستان کو لوٹ رہی ہیں۔
اختر اقبال ڈار نے کہا کہ میرا تحریک انصاف کے کسی بندے سے کوئی رابطہ نہیں، ہم آر اوز کو پی ٹی آئی نظریاتی کے امیدواروں کی فہرست دیں گے۔