سوشل میڈیا پرعدلیہ کو بدنام کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن کا فیصلہ

Published On 18 January,2024 01:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کے ججز کیخلاف مہم چلانے والوں کیخلاف مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی)نے سوشل میڈیا پر عدلیہ کو بدنام کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عدلیہ مخالف نفرت انگیز مواد کی روک تھام کیلئے جے آئی ٹی کا قیام 16 جنوری کو عمل میں لایا گیا، جس کا اجلاس ایف آئی اے ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں ہوا۔

جے آئی ٹی کی سربراہی ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے کی، اجلاس کے دوران حساس اداروں کے افسروں نے پلان آف ایکشن سربراہ جے آئی ٹی کو پیش کردیا ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کی معلومات اکٹھی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، پی ٹی اے کو کہا گیا کہ مواد اپلوڈ، شیئر اور کمنٹ کرنے والوں کی تمام تفصیلات دی جائیں۔

ذرائع کے مطابق اگلے مرحلے میں عدلیہ مخالف مواد پھیلانے والوں کی گرفتاریاں متوقع ہیں۔

واضح رہے کہ جے آئی ٹی میں انٹیلی جنس بیورو، آئی ایس آئی، پولیس اور پی ٹی اے کے نمائندے شامل ہیں۔