پشاور/ اسلام آباد/ کراچی: (دنیا نیوز) باجوڑ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے انسداد پولیو مہم کے کوآرڈی نیٹر کی شہادت پر اہم شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا۔
خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں نامعلوم افراد کی گاڑی پر فائرنگ سے پولیو مہم پر مامور کوآرڈی نیٹرڈاکٹر عبدالرحمن ڈرائیور سمیت شدید زخمی ہوگئے تھے جنہیں فوری طور پر سی ایم ایچ پشاور منتقل کیا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
سابق صدرآصف علی زرداری نے کہا کہ انسداد پولیومہم چلانے والوں پر حملے کرنے والے قومی مجرم ہیں، انسدادپولیوکی مہم میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کوقانون کی گرفت میں لاکرسخت سزا دی جائے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ب ھی باجوڑمیں انسدادپولیوٹیم حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو کے رضاکاروں پرحملے کرنے والے ملک اور قوم کے دشمن ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: باجوڑ: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونیوالا پولیو آفیسر جان کی بازی ہار گیا
نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ پولیو ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹر عبدالرحمن کی شہادت پر انتہائی افسردہ ہوں، حملے کی خبر ملتے ہی ڈاکٹر عبدالرحمن کے اہل خانہ سے مسلسل رابطے میں رہا، ڈاکٹر عبدالرحمن کو بہترین طبی علاج کیلئے اسلام آباد منتقل کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد منتقل کرنے سے قبل ہی ڈاکٹر عبدالرحمن جانبر نہ ہو سکے۔ ڈاکٹر عبدالرحمن کے قاتلوں کو ہر صورت کٹہرے میں لا کر نشان عبرت بنائیں گے،ایسی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے عزم اور جذبے کے آڑے نہیں آسکتیں۔