8 فروری کو شیر پر ٹھپہ لگا کر مہنگائی, بیروزگاری کا خاتمہ کرنا ہوگا: شہباز شریف

Published On 22 January,2024 04:10 pm

لاہور:(دنیا نیوز) صدر مسلم لیگ ن میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ 8فروری کو شیر پر ٹھپہ لگا کر مہنگائی, بیروزگاری کا خاتمہ کرنا ہوگا۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا پنجاب میں اللہ کا کرم ہے کہ یہاں میٹرو چل رہی ہے ، آپ کو معلوم ہے ہم نے میٹرو بنائی تو مذاق اڑایا گیا ، کامیاب ہو کر میٹرو کو قصور تک لے جائیں گے۔

صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ وہ کون تھا جس نے ہسپتالوں میں مفت ادویات بند کیں؟ نوازشریف نے اپنے دور میں ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات دیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ کون تھا جس نے لیور اینڈ کڈنی ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کو برباد کیا؟ جہاں پر امراض جگر اور گردوں کا بہترین علاج ہورہا تھا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وہ کون تھا ؟ جس نے نوجوانوں کو مفت لیپ ٹاپ اور تعلیمی وظائف دیئے، ہم کامیاب ہو کر نوجوانوں کو دوبارہ لیپ ٹاپ وظائف اور ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات دیں گے ۔

8فروری ایک تاریخی دن ہے یہ آپ کے فیصلے کا دن ہے، اس دن آپ نے شیر پر ٹھپہ لگا کر مہنگائی ، بیروزگاری کا خاتمہ کرنا ہے۔