ایم کیو ایم کا پنجاب کے وزیراعظم کے امیدوار کو ووٹ دینے کا اعلان

Published On 28 January,2024 10:24 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سرکاری وسائل اور کرپشن کے اربوں روپے رکھنے والوں کو عوام نے مسترد کر دیا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفیٰ کمال نے شاہ فیصل ٹاؤن میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سازشیں دم توڑ گئی ہیں اورعوام جم کے غفیر نے اپنا فیصلہ دے دیا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اس شہر نے تو21 جنوری کو ہی 8 فروری کے نتائج کا اعلان کر دیا تھا، آج شاہ فیصل والوں نے باطل قوتوں کے تابوت میں آخری کیل ٹھوک دی ہے، اس شہر کے مینڈیٹ کو چرانے کی جو کوشش ہوئی وہ ضائع ہوگئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کو ہمارے شہداء قبرستان جاکر ہمارے شہیدوں سے معافی مانگنی پڑی، شہر کو پٹہ پر دے رکھا ہے اور ہر علاقے کو کرپٹ قبضہ مافیا کے سپرد کر رکھا ہے، سب کو دکھ رہا ہے کہ ایم کیو ایم اپنا 2013ء کا مینڈیٹ واپس لینے جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو پارٹی وزیراعظم بنانا چاہتی ہے اسے ووٹوں کی ضرورت پڑے گی، ہم پاکستان کی تیسری جماعت بن کر دکھائیں گے ہماراتعلق سندھ سے ہے لیکن پنجاب کے وزیراعظم کے امیدوار کو ووٹ دیں گے، آج لوگوں نے بلاول کے وزیراعظم بننے کی راہ میں بارودی سرنگیں بچھادی ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم کے بغیر کوئی وزیراعظم نہیں بنے گا، تم بد قسمت لوگ ہوتم نے پندرہ سالوں میں 22 ہزارارب خرچ کئے، پندرہ سال کی حکمرانی اگر اچھی ہوتی تو ایم کیو ایم جیسی جماعت ختم ہوجاتی۔