جاگیرداروں، ظالموں کی باری ختم، اب انہیں اقتدار نہیں ملے گا: سراج الحق

Published On 28 January,2024 11:02 pm

کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ جاگیرداروں، ظالموں کی باری ختم ہوگئی، ہمیں محنت کیساتھ اپنے مقدر پر مہر لگانی ہے۔

امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی، ایم کیوایم نے قوم کی کئی دہائیاں ضائع کر دیں، پاکستان میں 25 کھرب ڈالر کا کوئلہ ہے اس کے باوجود ملک پر قرض کا کوہ ہمالیہ ہے، غربت، مہنگائی، بدامنی، کرپشن، افراتفری کی ذمہ دار 76سال حکومت کرنے والی سیاسی جماعتیں ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ ایک شہزادہ کہتا ہے میرے والد صدر، نانا وزیراعظم تھے، مجھے بھی وزیراعظم بنائیں، تین بار کا وزیراعظم کہتا ہے ایک باری اور دے دیں، اب ان کی باری نہیں آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وطن کو روزگار، تعلیم، سڑکوں کی ضرورت ہے، پاکستان کو ان لوگوں کی ضرورت نہیں جنہوں نے ملک کو دنیا کیلئے تماشا بنا دیا ہے، ووٹ کو عزت دو کے بیانیہ سے نوازشریف دستبردار ہوگئے، نوازشریف کہتے ہیں جتنا دبنا ہے دب جاؤ بس کرسی مل جائے، سابق حکمرانوں کو کبھی اقتدار کی کرسی نہیں ملے گی۔

سراج الحق نے کہا کہ ظالموں نے باہر کی بجلی کمپنیوں سے مہنگے معاہدے کئے، بجلی خریدیں یا نہ خریدیں قیمت ادا کرنا ہوگی، ظلم کی زنجیروں کو توڑیں گے، پاکستان آئی پی پیز کا نہیں پاکستانیوں کا ہے، پاکستان وڈیروں کا نہیں ہے، ملک میں کرپشن کے باعث مہنگائی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں پانچ ہزار ارب کی کرپشن پر کوئی قابو نہیں پا سکا، جماعت اسلامی گردن پر پاؤں رکھ کر ایک ایک پائی کا حساب کتاب کرے گی، عوام کے صبر کا پیمانہ بھر گیا، نوجوان ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں، پاکستان میں قابل لوگوں کے لئے جگہ نہیں رہی۔