کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ایم کیو ایم پاکستان کی ریلی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک کارکن جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا ہے۔
کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر دو ملٹی چوک سے ایم کیو ایم پاکستان کی انتخابی ریلی گزر رہی تھی، اس دوران پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی جانب سے اچانک فائرنگ شروع کر دی گئی، جس کے نتیجے میں 2 نوجوان گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گئے۔
ایک نوجوان سر میں گولی لگنے کی وجہ سے ہسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا جس کی شناخت فراز کے نام سے ہوئی ہے، واقعے کے بعد مشتعل افراد نے 10 گاڑیوں کو آگ لگا دی، حالات خراب ہونے پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی۔
دوسری جانب ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری کمپین چل رہی تھی پھر ہم گھر چلے گئے، تھوڑی دیر بعد پتا چلا کہ پیپلز پارٹی کے مسلح دہشتگردوں نے ہمارے دفتر پر حملہ کیا، حملے میں یوسی انچارج کو شہید کر دیا گیا۔
طحہٰ صدیقی نے کہا کہ ہمارے شہید کارکن کے چھوٹے بچے ہیں اور کرائے کے مکان میں رہتا تھا، پیپلز پارٹی دہشتگردی کر کے شہر پر قابض نہیں ہو سکتی، 15 سالوں میں پیپلز پارٹی نے ایسا کام نہیں کیا جو منہ دکھانے لائق ہو، پیپلز پارٹی کو علم نہیں کہ یہ کن سے الجھیں ہیں۔