کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے اپنے کارکنوں کے قتل کی تحقیقات وفاقی اداروں کے غیر جانبدار افسران سے کروانے کا مطالبہ کر دیا۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ 8 فروری کا سورج پیپلز پارٹی مافیا کے خاتمے کی نوید لیکر طلوع ہو گا، آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کو اپنی شکست واضح نظر آ رہی ہے، پی پی کی تاریخ دہشتگردی سے عبارت ہے، طیارہ ہائی جیکنگ سے لے کر صدر بوہری بازار کے بم دھماکے اس جماعت کا ورثہ ہیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ حالیہ دنوں میں پیپلز پارٹی کے دہشتگردوں نے ہمارے 6 پُرامن کارکنان کو شہید کیا، ہمارے کارکنان نے صبر و تحمل اور شہادتیں دے کر شہر کا امن برقرار رکھا، نگران صوبائی انتظامیہ مکمل طور پر پیپلز پارٹی کے کنٹرول میں ہے، ہمارے کارکنان کے قتل کی تحقیقات وفاقی تحقیقاتی اداروں کے غیر جانبدار افسران سے کروائی جائے۔
خواجہ اظہار الحسن نے مزید کہا ہے کہ پیپلز پارٹی پر قابض مافیا شہید محترمہ کے نام پر ملکی خزانے کے ہزاروں ارب روپے ہڑپ کر گئی، جعلی میئر شہر کی ہزاروں کلو میٹر خستہ حال سڑکیں چھوڑ کر چند فٹ پر کارپٹنگ کروا کر فوٹو سیشن تک محدود ہیں، ایم کیو ایم کے بائیکاٹ کی خیرات پر بننے والے میئر کو اپنے قد سے اونچی گفتگو زیب نہیں دیتی۔